اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور پی ٹی وی کی منیجنگ ڈائریکٹر عنبرین جان نے پاکستانی خواتین کو ان کی شاندار خدمات پر سلام پیش کیا، پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں خواتین کے اہم کردار کا اعتراف کیا اور قومی ترقی کو فروغ دینے کے لیے لڑکیوں کے لیے یکساں تعلیمی مواقع کی اہمیت پر زور دیا۔ہفتہ کو خواتین کے عالمی دن پر ایم ڈی پی ٹی وی اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان کا پی ٹی وی نیوز پرخصوصی پیغام جاری کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کا بااختیار ہونا خوشحال پاکستان کی کلید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری تمام والدین سے اپیل ہے کہ وہ لڑکیوں کے ساتھ لڑکوں کے برابر سلوک کریں اور انہیں تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کریں۔ عنبرین جان نے کہا کہ آئیے ہم قائداعظم محمد علی جناح کی شخصیت سے سبق حاصل کر یں جنہوں نے خواتین کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا، بشمول ان کی اپنی بہن فاطمہ جناح جو زندگی بھر ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی رہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کے لیے ان کا بندھن اور مشترکہ عزم مردوں اور عورتوں کے درمیان محبت، احترام اور مساوی شراکت داری کی طاقت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں محکمہ اطلاعات کی بھی تعریف کرنا چاہتی ہوں، جہاں میں نے خود خواتین کو بااختیار بنانے میں اضافہ دیکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب میں نے آغاز کیا تو اس محکمے میں صرف چند خواتین تھیں، لیکن اب یہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے محکمہ کے ساتھ پروان چڑھ رہا ہےجو کہ زیادہ جامع اور مساوی معاشرے کی طرف ہماری پیش رفت کا حقیقی عکاس ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی خواتین باصلاحیت، محنتی اور تیزی سے ترقی کر رہی ہیں، جو ہمارے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں گراں قدر حصہ ڈال رہی ہیں۔