کراچی (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن مساوات، حقوق اور انصاف کی جدوجہد کی علامت ہے۔ انہوں نے سندھ کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو ہر شعبے میں بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی خواتین کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی پاکستان میں پہلی پنک بس سروس خواتین کے وقار اور سفری سہولت کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوئی ہے جبکہ سندھ حکومت نے خواتین کے لیے الیکٹرک بائیک اسکیم بھی شروع کی ہے، جس کا مقصد خواتین کو محفوظ، ماحول دوست اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ابتدائی طور پر 1000 الیکٹرک موٹر سائیکلیں طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو دی جائیں گی اور انہیں تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ تعلیم اور صحت میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا پیپلز پارٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان کی خواتین نے ہمیشہ ملک کی ترقی اور جمہوریت کی بحالی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ محترمہ فاطمہ جناح، بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد اور قیادت ایک مستحکم ریاست کی درخشاں علامت ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور شمولیت کے لیے اہم قانون سازی کی ہے۔ خواتین کے معاشی استحکام کے لیے زرعی زمین کی تقسیم، وراثتی جائیداد میں خواتین کے حقوق کا تحفظ، اور بینظیر کارڈ جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے ہیں۔ ان میں سب سے اہم اقدام سیلاب زدگان کے لیے گھروں کی تعمیر ہے، جس کے تحت ہزاروں بےگھر خاندانوں کو پختہ رہائش فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے زیادہ تر گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کے نام پر دیے جا رہے ہیں، تاکہ وہ خودمختار اور محفوظ زندگی گزار سکیں۔ سندھ حکومت نے حال ہی میں کم آمدنی والی خواتین میں مفت سولر ہوم سسٹمز کی تقسیم کا تاریخی اقدام بھی اٹھایا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پاورٹی ریڈکشن پروگرام کے تحت لاکھوں خواتین کو مالی امداد، تربیت اور وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ خودمختار بن سکیں۔ خواتین کے لیے بینظیر یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام بھی متعارف کرایا گیا، جس کے تحت انہیں فنی اور پیشہ ورانہ تربیت دی جا رہی ہے۔سندھ حکومت اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے درمیان ایک معاہدے کے تحت "شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام” کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ سندھ کے طلباء کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کی جا سکے۔خواتین کی کھیلوں میں شرکت کو فروغ دینے کے لیے سندھ حکومت نے حالیہ عرصے میں صوبے کے 30 اضلاع میں سندھ پنک گیمز 2025 کا انعقاد کیا، جس کا مقصد خواتین کو کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مضبوط اور خودمختار خواتین مستحکم اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہیں۔ ہماری حکومت خواتین کے لیے مزید روزگار، تحفظ اور ترقی کے اقدامات کر رہی ہے، تاکہ انہیں ہر سطح پر برابری کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔