واشنگٹن ( نیٹ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کو ایک خط لکھ کر مذاکرات کی دعوت دی ہے۔بی بی سی فارسی کے مطابق امریکی نیوز چینل ’فاکس نیوز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے پر پہنچنے کو ترجیح دیں گے۔یہ انٹرویو ’فاکس نیوز بزنس‘ سے جمعہ کے روز نشر ہوا ہے۔ اس میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’میں ایران کے ساتھ مذاکرات اور اس کے نتیجے میں کسی معاہدے تک پہنچنے کو ترجیح دوں گا۔‘خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انٹرویو کے دوران کہا کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر بات چیت کرنا چاہتے ہیں اور اسی ضمن میں انھوں نے جمعرات کو ایرانی قیادت کو ایک خط لکھا ہے جس میں
صدر ٹرمپ کی جانب اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ ایرانی رہنما بات چیت پر راضی ہو جائیں گے۔صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ مذاکرات کرنے پر تیار ہو جائیں گے کیونکہ یہ ایران کے لیے بہت بہتر ہو گا۔‘ٹرمپ نے کہا کہ ’میرے خیال میں انھیں اس خط کی ضرورت بھی ہے۔ دوسرا متبادل یہ ہے کہ ہمیں کچھ کرنا ہو گا، کیونکہ آپ ایک اور جوہری ہتھیار نہیں بننے دے سکتے۔‘