کراچی( نمائندہ خصوصی)نیشنل بینک آف پاکستان نے عالمی یوم نسواں کی مناسبت سے این بی پی ہیڈ آفس کراچی میں ایک سیشن کا انعقاد کیا جس میں ضیا الدین یونیورسٹی کراچی سے وابستہلبرل آرٹس اینڈ ہیومن سائنسز،کی ڈین آف فکلٹی ڈاکٹر شہلا نجیب صدیقی اور لیاری سے تعلق رکھنے والی نوجوان فٹ بال پلیئر مقدس عبدالرشید کو خصوصی طورپر مدعو کیا گیا۔سیشن میں بینک کی خواتین ملازمین جن میں متعدد سینئر مینجمنٹ کا حصہ ہیں نے شرکت کی۔این بی پی کے صدر اور سی ایاو جناب رحمت علی حسنی، ہیومن ریسورس گروپ کے گروپ ہیڈ مرزا عاصم بیگ اور بینک کی اعلیٰ قیادت نے بھی شرکت کی۔ڈاکٹر شہلا نجیب نے اپنی زندگی کے سفر ، پیشہ ورانہ میدان میں حائل رکاوٹوں کو عبور کرنے اور اپنے خاندان سے وصول ہونے والی غیر متزلزل حمایت کے بارے میں گفتگو کی۔انہوں نے مختلف شعبوں میں لیڈر شپ میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تعلیمی اداروں میں خواتین کیلئے مساوی مواقع کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ ان کا پیشہ ورانہ مشورہ تمام خواتین کے لیے یہی تھا کہ اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے محنت کریں اور خود پر یقین رکھیں۔قومی فٹ بال پلیئر مقدس عبدالرشید نے شرکا کے ساتھ کھیل کے میدان میں اپنی جدوجہد اور کامیابیوں کا تبادلہ کیا۔ انہوں نے خواتین کو اپنے خوابوں کو
پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے عزم اور لگن کے ساتھ محنت کرنے کی ترغیب دی۔مقدس عبدالرشید امید کی ایک روشن مثال ہیں جنہوں نے ثابت کیاکہ چاہے آپ کا پس منظر کچھ بھی ہو یا آپ کو خواب کتنے ہی ناممکن کیوں نہ لگیں، مستقل محنت اور عزم کے ساتھ آپ انہیں حقیقت بنا سکتے ہیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر اور سی ای او جناب رحمت علی حسنی نے اداروں میں ساز گار اور موزوں ماحول کی فراہمی کی اہمیت کو اجاگر کیا جہاں خواتین اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں ترقی کرسکیں۔انہوں نے زور دیا کہ خواتین معاشرے اور قومی افرادی قوت کا ایک جزو ہیں۔گروپ ہیڈ ہیومن ریسورس مرزا عاصم بیگ نے بینکنگ شعبہ میں خواتین کو ترقی کے مواقع دینے اور ادارے کے اندر ان کی شمولیت میں اضافہ
کیلئے بینک کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے زوردیا کہ انفرادی، ادارہ جاتی اور حکومتی سطح پر خواتین کے حقوق کیلئے کوششیں جاری رکھنی چاہیے۔سیشن کا اختتام معاون اور سازگار ماحول کی تشکیل اور پاکستان بھر میں خدمات کی سرانجام دہی کے دوران برابری اور شمولیت کے ذریعے صنفی شراکت داری کے فروغ کے اجتماعی عزم ساتھ ہوا۔این بی پی خواتین کو بااختیار بنانے، افرادی قوت میں ان کی شمولیت میں اضافہ اور ترقی پذیر معاشرے میں ان کے کردار کو تقویت دینے کیلئے پرعزم ہے۔