راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے افواجِ پاکستان کے بلند حوصلے اور غیر متزلزل عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی۔جنرل عاصم منیر نے کہا کہ معصوم شہریوں، بشمول بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنانا خوارج کی سفاکیت اور ان کی اسلام دشمن سوچ کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور
پاک فوج عوام کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جنگ ان کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔جنرل عاصم منیر نے نشاندہی کی کہ دہشت گرد گروہ،
بشمول فتنة الخوارج، افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دہشت گرد حملوں میں غیر ملکی اسلحے اور سازوسامان کا استعمال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغانستان میں یہ عناصر محفوظ پناہ گاہیں رکھتے ہیں۔آرمی چیف نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنا دیا جائے گا۔