سیالکوٹ۔ (نمائندہ خصوصی):چیئرمین مسٹر فضل جیلانی کی زیر صدارت ائیر سیال ،آفس پکا گڑھا سیالکوٹ میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا ۔ ترجمان ائیر سیال کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین ائیر سیال فضل جیلانی نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم اپنے 6 ویں ایئربس A320 AP-BPF کو ائیر سیال بیڑے میں شامل کررہے ہیںاور ساتھ نئی بلندیوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تازہ ترین طیارے نے جناح بین الاقوامی ہوائی اڈے پر خوبصورتی سے اپنے قدم رکھ لیے ہیں ، جو اپنی جگہ لینے کے لئے تیار ہے۔ چیئرمین ایئر سیال نے کہا کہ پاکستان کی تیسری نجی ائیرلائن کامیاب ڈومیسٹک آپریشن کے بعد بین الاقوامی پروازوں کا آغاز ایئر سیال کی بڑی کامیابی ہے، خلیجی ممالک کیلئے پروازیں چلانے کے ساتھ یورپی ممالک میں وسیع پیمانے پر بھی آپریشن شروع کرے گی۔اجلاس میں سینئر وائس چیئرمین مسٹر قیصر اقبال بریار ، سی ای او مسٹر امین احسن ، اور دیگر معزز ڈائریکٹرز نے ایئر لائن کی مارکیٹ کی پوزیشن کو مستحکم کرنے ، آپریشنل کارکردگی کو بڑھانے ، ملکی اور بین الاقوامی ہوا بازی میں اس کے نقش کو بڑھانے کے لئے اسٹریٹجک اقدامات پر توجہ کی ضرورت پر زور دیا اور ساری ٹیم کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔