لاہور( بیورورپورٹ )لاہور میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا،گلی محلے اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔لاہور میں موسلادھار بارش سے شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ کینال روڈ پر ہربنس پورہ کے قریب پانی جمع ہو گیا۔ہربنس پورہ انڈر پاس بھی بارش کے پانی سے بھر گیا۔
پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثرہوا۔بارش کا پانی جمع ہونے سے گلی محلے تالاب میں تبدیل ہوگئے۔ شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔شہر میں اب تک سب سے زیادہ تاجپورہ میں 234 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ائیرپورٹ ایریا میں 188 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے۔مغل پورہ کے علاقے میں 171، چوک ناخدا میں 159، پانی والا تالاب کے علاقے میں 158 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔لکشمی چوک میں 141، گلشن راوی کے علاقہ میں 128، فرخ آباد میں 119 ملی میٹر بارش ہوئی۔
سیشن کورٹ اورسول کورٹ کے اطراف جگہ جگہ بارش کا پانی جمع ہونے سے سائلین اور وکلاکو عدالتوں میں پیش ہونے میں مشکلات کا سامنا ہے۔عدالتوں کے داخلی اور خارجی راستوں ہر بارش کا پانی جمع ہو گیا۔بارش کا پانی وکلا کے چیمبر میں بھی داخل ہوگیا۔