اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی)پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں جاری نسل کشی کی کارروائیوں، جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے فلسطینی عوام پرجاری مظالم کے حوالے سے ایک تصویری نمائش کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر اور فلسطین پر غاصبوںنے قبضہ جما رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مقامات پر نسلی تطہیر، جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں انسانیت کے ضمیر پر داغ ہیں۔انہوں نے کہاہمارے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں جب ہم فلسطین میں معصوم شہریوں کا قتل عام دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وقار کو پامال کیا جا رہا ہے ۔مشعال ملک نے ، جو نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید معروف کشمیری آزادی پسند رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ ہیں ، کہا کہ اسرائیل اور بھارت دنیا کے سب سے بڑے جارح ملک ہیں جنہوں نے فلسطینیوں اور کشمیریوں کا جینا حرام کر رکھا ہے اور مقبوضہ علاقوں میں آبادکاری کے استعماری ہتھکنڈوں پر عمل پیرا ہیں۔انہوںنے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی برادری نے فلسطینی اور کشمیری عام کی حالت زار پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بین الاقوامی برادری نے مسلسل آنکھیں بند کیے رکھیں تو اسکے سنگین نتائج برآمد ہونگے اور دنیا میں ایک اور عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔مشعال حسین ملک نے دنیا کے امن پسند حلقوں اور باضمیر لوگوں پر زور دیا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آواز بنیں اور انہیں انکا حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔ تصویری نمائش میں فلسطینی سفیر بھی موجود تھے۔