اسلام آباد ( کورٹ رپورٹر ) سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ سے متعلق 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 30 جولائی تک توسیع کر دی گئی۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں پی ٹی آئی لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت سیشن جج کامران بشارت ‘مفتی نے کی۔سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں بھی ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔سماعت کے دوران جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا سیاسی معاملہ ہے لیکن ملزم کا پیش ہونا بھی ضروری ہے۔ تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں عمران خان کا پیش ہونا لازمی ہے، مقدمہ نمبر 425 میں فریش ضمانت ہے، اس کے لیے ملزم پیش ہو گا تو حکم جاری کروں گا۔جونئیر وکیل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ فریش ضمانت کی درخواست بھی آئندہ سماعت کے لیے قرر کر دیں۔عدالت نے مقدمہ نمبر 425 میں درخواستِ ضمانت کی سماعت 30 جولائی کو مقرر کر دی۔