سوات۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم محمدشہباز شریف کی قیادت میں پاکستان معاشی بحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے، مہنگائی میں کمی، برآمدات میں اضافہ اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کی بحالی اس کا واضح ثبوت ہیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام پور، سوات میں نادرا رجسٹریشن سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے، جس کے نتائج جلد مزید نمایاں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوامی خدمت میں مصروف ہیں، پنجاب میں صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور سوشل ویلفیئر کے منصوبے برق رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں، جس سے عوام کو حقیقی ریلیف مل رہا ہے، قائد نواز شریف کا وژن پاکستان کو ترقی کی راہ پر واپس لانا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت اسی وژن کے تحت کام کر رہی ہے، نواز شریف نے ہمیشہ عوامی خدمت، معاشی ترقی اور ملکی استحکام کو ترجیح دی اور آج ان کے وژن کے مطابق ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے اپوزیشن کے حالیہ اتحادکو ذاتی مفادات پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام ان کے اصل عزائم سے بخوبی واقف ہیں، یہ اتحاد کسی پائیدار مقصد کے لیے نہیں بلکہ محض ذاتی مفادات کے حصول کے لیے بن رہے ہیں، اگر اتحاد بنانا ہے تو ملک میں دہشت گردی، معاشی استحکام اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگلے عام انتخابات 2029 میں ہی ہوں گے، تب تک اپوزیشن کو انتظار کرنا ہوگا۔انہوں نے خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے پاس صوبے کے عوام کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں، یہ محض اقتدار کے حصول میں مصروف ہیں، پہلے اسلام آباد پر قبضے کے خواب دیکھ رہے تھے، اب وزارتوں کے لیے سرگرداں ہیں، مگر انہیں خیبر پختونخوا کے عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام پی ٹی آئی کی حقیقت جان چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کی مقبولیت کا گراف تیزی سے گر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے بھی پی ٹی آئی کی کال کو مسترد کر دیا ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اب ان کی حقیقت جان چکے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر عوام کو یقین دلایا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ملکی استحکام و ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کوامریکی صدر ٹرمپ کے یوکرین کے صدر کے ساتھ رویے سے سبق سیکھنا چاہیے، ان کے تحریر کردہ خطوط کا کوئی مستقبل نہیں کیونکہ ان کا مقدر صرف ردی کی ٹوکری ہے۔ اس موقع پر سینئر لیگی رہنما قیموس خان، واجد علی خان، محمد علی شاہ خان ، شاہ ولی خان ، چئیرمین سردار علی خان، میاں نثار علی ، ناظم بخت بیدار خان، چئیرمین دولت مند خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔