اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):ایف آئی اے نے مراکش کشتی حادثہ 2025 میں ملوث انسانی اسمگلرز کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے منظم گینگ کا اہم کارندہ گرفتار کرلیا۔ ہفتہ کو ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایف آئی اے فیصل آباد کا انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ایف آئی اے نے مراکش کشتی حادثہ میں ملوث منظم گینگ کا اہم کارندہ گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم کی شناخت امیر علی کے نام سے ہوئی ہے ، ملزم کو ٹوبہ ٹیک سنگھ سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی انس علی نامی شہری کو غیر قانونی یورپ بھجوانے کی کوشش کی ، اس سے قبل بھی مذکورہ گینگ کا ملزم جاوید احمد گرفتار ہو چکا ہے، ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پائے گئے۔ ملزمان نے شہری کو اسپین بھجوانے کے عوض 35 لاکھ روپے وصول کیے ، ملزم نے شہری کو قانونی طریقے سے بھیجنے کے بجائے کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کوشش کی ، شہری مراکش کشتی حادثہ 2025 میں زندہ بچ جانے والوں میں شامل ہے ،ملزم امیر علی موریطانیہ میں مقیم انسانی اسمگلر عبدالغفار اور افریقی لینڈ روٹ ایجنٹ ابوبکر سے رابطہ میں تھا ، ملزم نے دیگر ایجنٹوں کے ساتھ مل کر پاکستانی شہریوں کو اسپین بھجوانے کا جھانسہ دیا ، ملزم نے شہریوں کو کشتی کے ذریعے موریطانیہ سے یورپ بھجوانے کی کوشش کی ، یورپ غیر قانونی طور پر داخلے کی کوشش میں کشتی کو حادثہ پیش آیا ، ملزمان اور دیگر ایجنٹوں نے مہاجرین کو سمندر میں بے یار و مددگار چھوڑ دیا ،حادثے کے نتیجہ میں کئی پاکستانی شہریوں کی موت واقع ہوئی ۔ ترجمان نے کہا کہ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں ، مذکورہ گینگ کے ملزمان کی انٹرپول کی مدد سے گرفتاری عمل میں لائی جا رہی ہے۔ڈائریکٹر فیصل آباد زون نے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں، معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔