اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے آغاز پر پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں، انہوں نے کہاکہ رمضان کا بابرکت مہینہ شروع ہونے پر میں پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ مقدس مہینہ نظم و ضبط اور روحانی تجدید کا ہے، جو ہمیں ہمدردی، صبر اور اتحاد کی اقدار کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان ہمیں اپنے ایمان کو مضبوط کرنے، استغفار کرنے اور ضرورت مندوں کے ساتھ مہربانی کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ روزہ صرف کھانے پینے سے پرہیز کرنے کا نہیں بلکہ رمضان ہمیں عبادات سے بالاتر ہو کر گہری سوچ میں مشغول ہونے کی دعوت دیتا ہے – یہ انا کو پست کرنے اور لالچ کو روکنے کے بارے میں ہے، انہوں نے مزید کہاکہ یہ بے پناہ برکتوں کا مہینہ ہے، جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اللہ کی رحمت کا شکر ادا کریں اور ہمدرد او سخاوت کے حقیقی جذبے کو اپناتے ہوئے کمزوروں کی دیکھ بھال کی اپنی ذمہ داری کو تسلیم کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ ہمارے روزوں، عبادات اور نیک اعمال کو قبول فرمائے اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔ یہ رمضان ہم سب کے لیے بے پناہ برکتوں اور رہنمائی کا باعث بنے۔