اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس لوکے راسموسن کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دیرینہ دوستی کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ہفتہ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو تیز کرنے کے طریقے تلاش کئے۔مزید برآں 2025 اور 2026 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل اراکین کی حیثیت سے انہوں نے باہمی مفادات، امن اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے کثیر الجہتی پلیٹ فارمز پر تعاون کرنے کا عہد کیا۔