اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی بزدلانہ اور مذموم دہشت گردی کی کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو پست نہیں کر سکتیں۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کی جانب سےجاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی دھماکے میں زخمی ہونے والے جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق اور دیگر زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی اورزخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ اور مذموم کاروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو پست نہیں کر سکتیں ،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ وزیر اعظم نےدھماکے کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی۔