کراچی( نمائندہ خصوصی)میری ٹائم سیکیورٹی مشق سی گارڈ 25 کراچی میں ڈی بریف سیشن کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف ( آپریشنز)، وائس ایڈمرل راجہ رب نواز نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ مشق کا مقصد مختلف اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور ردعمل کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کی مشق کرنا تھا۔سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے بحری شعبے کے تمام قومی اسٹیک ہولڈرز کے مابین تعاون کے لیے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے کردار کوسراہا۔ انہوں نے قومی اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں کے ذریعے محفوظ بحری ماحول کے لئے پاک بحریہ کے عزم اور فعال کردار کی بھی تعریف کی ۔ڈی بریف سیشن کے دوران عملی مشقوں اور مباحثوں کے تجزیئے پر مبنی سفارشات بھی پیش کی گئیں۔ مشق سیگارڈ2025 اس سلسلے کی دوسری مشق تھی جس کی مدد سے
پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے نمائندگان کو ایک پلیٹ فارم پراکٹھا کیا گیا۔ مشق کی اختتامی تقریب میں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی،پاکستان کوسٹ گارڈز ،پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن، اینٹی نارکوٹکس فورس، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے سینئر حکام کے علاوہ نجی شعبے اور ماہی گیر برادری کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔