کراچی (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یونائیٹڈ میمن جماعت پاکستان کی سماجی شعبے میں خدمات کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے میمن برادری کے مخیر حضرات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بے لوث خدمات نے کئی لوگوں کی زندگیاں بچائی ہیں۔ حکومت سندھ اولڈ ایج ہوم بنانے میں میمن جماعت کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ مقامی ہوٹل میں یونائیٹڈ میمن جماعت پاکستان کے سالانہ عشائیے میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں میمن برادری کی خدمات اور فلاحی کاموں کو متاثر کن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ میمن برادری اپنی سماجی خدمات کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانی جاتی ہے، مراد علی شاہ نے مرحوم عبداللہ ہارون، عبدالستار ایدھی، رمضان چھیپا، اور سیلانی ویلفیئر کے بانیان کو غیرمعمولی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔مراد علی شاہ نے یاد کیا کہ قدرتی آفات اور بحرانوں کے دوران میمن برادری کی بے لوث خدمات نے بے شمار جانیں بچائیں، انہوں نے یونائیٹڈ میمن جماعت پاکستان کی سندھ بھر میں خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے تنظیم کے سربراہ عزیز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کاہ کہ ان کی خدمات صرف برادری تک محدود نہیں، روٹری انٹرنیشنل اور پولیو مہم میں بھی ان کی خدمات نمایاں ہیں۔ انہوں نے سندھ میں میمن برادری کی تعلیم، صحت، روزگار اور دیہی سندھ میں صاف پانی کی فراہمی جیسی خدمات کو قابل تعریف قرار دیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے میمن جماعت کے تازہ منصوبوں رمضان المبارک میں مستحقین میں راشن تقسیم اور اولڈ ایج ہوم کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ اولڈ ایج ہوم کی تعمیر میں حکومت سندھ ہرممکن تعاون کرے گی۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ حکومت بھی بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اقدامات کر رہی ہے، حکومت سندھ نے مختلف اضلاع میں اولڈ ایج ہومز قائم کیے ہیں۔ سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے ذریعے بزرگ شہریوں کےلیے سینیئر سٹیزن کارڈ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے، یہ منصوبہ معمر شہریوں کو متعدد سہولیات اور بنیادی ضروریات فراہم کرے گا۔اس سے پہلے یونائیٹڈ میمن جماعت پاکستان کے سربراہ عزیز میمن نے جماعت کے منصوبوں کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کے ساتھ ان کے والد سید عبداللہ شاہ کی نسبت سے تعلق ہے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی سے اپنے تعلق کو بھی تین نسلوں پر محیط قرار دیا۔