اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے ہیلی کاپٹر کے ساتھ بین الاقوامی دفاعی نمائش (IDEX) اور بحری دفاعی نمائش (NAVDEX) میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا۔ جس میں 65 ممالک کی شرکت کے ساتھ ساتھ 8 ممالک کے بحری جہازوں نے شرکت کی۔بندرگاہ آمد پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر اور IDEX/NAVDEX کمیٹی کے سربراہ نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ بندرگاہ کے دورے کے دوران، کمانڈنگ آفسر نے نمائش میں شرکت کرنے والی غیر ملکی
شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔بندرگاہ پر قیام کے دوران، پی این ایس یرموک عوام کے لیے کھلا رہا- مسلح افواج، کاروباری اور کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ نامور شخصیات نے جہاز کا دورہ کیا۔ متحدہ عرب امارات کے
وزیر برائے رواداری اور بقائے باہمی، رومانیہ اور یمن کے وزرائے دفاع، رومانیہ کی نیول فورس کے سربراہ، چیف آف اسٹاف مصری نیول فورسز، کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز، کمانڈر رائل بحرین بحریہ اور ڈیمین شپ یارڈ کے سی ای او سمیت مختلف بحری
قیادت نے پی این ایس یرموک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پی این ایس یرموک نے سیکرٹری دفاعی پیداوار، متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)، متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نمائندوں، بین الاقوامی اور
پاکستانی کمیونٹی کے نامور افراد کی بھی میزبانی کی۔بحری دفاعی نمائش میں پاکستان کی شرکت متحدہ عرب امارات کے ساتھ اس کے مضبوط دفاعی تعلقات اور عالمی میری ٹائم سیکیورٹی اقدامات میں اس کے فعال کردار کی عکاسی کرتی ہے۔ بندرگاہ سے روانگی کے بعد جہاز نے متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے جہاز الامارات کے ساتھ مشقیں بھی کیں۔