لاہور( نمائندہ خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے سامنے خود سوزی کی واقعہ کی رپورٹ سامنے آگئی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے محمد آصف کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی ہے رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز(25 فروری) کو تقریباً گیارہ بجے لاہور ہائی کورٹ لاہور کے معزز جج جسٹس شجاع علی خان کے سامنے محمد آصف ولد محمد اسلم سکنہ کوٹ محمد حسین سکنہ خانیوال نے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔ ریسکیو 1122 نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر متاثرہ شخص کو فوری طور پر میو ہسپتال لاہور منتقل کیا۔ابتدائی طبی ابتدائی طبی معائنے سے معلوم ہوا کہ محمد آصف کے جسم کا 30 سے 40 فیصد حصہ جھلس چکا تھا۔ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ محمد آصف نیسلے کمپنی میں ملازم تھے، محمد آصف کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔محمد آصف نے اپنی برطرفی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ لاہور میں رٹ پٹیشن دائر کی تھی۔ وقوعہ کے روز معزز جج نے کیس کی اگلی سماعت 8 اپریل 2025 کو مقرر کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ التوا کی سماعت کے بعد، محمد آصف نے خود سوزی کا ارتکاب کیا۔مزید تفتیش سے معلوم ہوا کہ محمد آصف خود سوزی کیلئے استعمال ہونے والا پیٹرول نیسلے کی بوتل میں جیب میں چھپا کرلایا تھا۔ محمد آصف اس وقت میو ہسپتال لاہور میں زیر علاج ہیں علاج اورجسمانی حالت کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے محمد آصف کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی ہے۔