اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری اور ترقی کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے ،اس کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات ختم کر کے مل بیٹھنا ہوگا، قومی ادارے خسارے کا شکار ہیں اور ان کے استحکام کے لئے مربوط اصلاحات ضروری ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران غلہ منڈی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی اے، ریلوے اور سٹیل مل جیسے قومی ادارے شدید مالی خسارے میں ہیں اور انہیں 9ہزار ارب روپے کے قرض سے چلایا جا رہا ہے تاہم بندرگاہوں کی صورتحال قدرے بہتر ہے اور پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ منافع میں جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت بحری امور کی پالیسیوں کے تحت کراچی پورٹ کی آمدنی کو 2 ارب روپے سے بڑھا کر 10ارب روپے تک پہنچایا جا چکا ہے اور رواں سال یہ آمدنی 15ارب روپے تک لے جانے کا ہدف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں پاکستانی تاجروں نے چین جیسے ممالک کو کاروباری مہارتیں سکھائیں جنہوں نے آج اپنی برآمدات کو 3 ہزار ارب ڈالر تک پہنچا دیا ہے، چین کی ترقی میں تعلیم کا کلیدی کردار ہے ،ہم نے اپنے حلقہ میں اعلی میعار کی دو یونیورسٹیاں بنائی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے تاہم اب بھی 10کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں جس کے خاتمے کے لئے مؤثر معاشی پالیسیاں اپنانا ہوں گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے شہر بھر میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کا اعلان کیا جس پر انجمن تاجران غلہ منڈی کے صدر میاں طاہر ایوب، اور دیگر تاجروں نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔