لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 35سال بعد 16روزہ ہارس اینڈ کیٹل شو کے کامیاب انعقاد پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ہارس اینڈ کیٹل شو کی آرگنائزنگ ٹیم کواپنے پیغام میں کہا کہ پانچ ماہ میں آپ نے مسلسل محنت سے کام کیا، ہارس اینڈ کیٹل شو کی کامیابی آپ اور آپ کی ٹیم کی محنت، لگن اور تخلیقی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل طاہر وٹو، ان کے افسران اور عملے کے تمام افراد کو بھی شاباش، آپ کی محنت بچوں اور بڑوں کے چہروں پر خوشیاں لائی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو کی کامیابی کودیکھتے ہوئے اس جیسی تفریحی تقریبات کا دائرہ کار صوبے بھر میں پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عوام کی تفریح کے لئے انٹرٹینمنٹ ایونٹس اور تفریحی پروگرام کراتے رہیں گے۔ ہارس اینڈ کیٹل شو کی شاندار روایت کو بھی جاری رکھیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ 9 سے 24فروری تک ہارس اینڈ کیٹل شو سے پنجاب کے رنگ اُجاگر ہوئے، شہریوں کو خوشی ملی۔ 20بڑے ایونٹس میں بچوں اور ہزاروں فیملیزشریک ہوئیں۔13انٹرنیشنل ٹیموں کی آمد سے پاکستان اور پنجاب کا عالمی امیج روشن ہوا۔ سالوں بعد شہریوں نے لاہور میں شندور پولو، 7روزہ نیزہ بازی، بز کشی،تیر اندازی اور گھڑ سواروں کے سنسنی خیزمقابلے دیکھے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب کے صوفیانہ رنگ اجاگر ہوئے، گلگت بلتستان کی ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملا اورروایتی کھانوں کی بہاررہی۔چلڈرن فیسٹیول، ڈاگ شو، پھولوں، نادر اور نایاب گاڑیوں کی نمائش، رستم پنجاب دنگل کے سنسنی خیز مقابلوں نے ہارس اینڈ کیٹل شو کا لطف دوبالا کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ عید کے بعد لاہور ایکسپو سنیٹر میں صنعتی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ہارس اینڈ کیٹل شو سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کی نگرانی اور سربراہی میں آرگنائز کیا گیا تھا۔