راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیتوں اور جدت پسندی کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان کا مستقبل قرار دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلبہ سے خطاب کر رہے تھے۔انھوں نے پاکستان پر بیرونی ماحول خاص طور پر سرحد پار دہشت گردی کے خطرے کے اثرات پر بھی گفتگو کی۔آرمی چیف سید عاصم منیر نے پاکستان کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ میں پاک فوج کے کردار کو اجاگر کیا۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قومی جدوجہد میں عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج کی بھرپور حمایت پر قوم کا شکریہ ادا کیا۔’پاکستانیت‘ کے تصور پر زور دیتے ہوئے انھوں نے نوجوانوں کی فکری نشوونما میں ملکی تاریخ، ثقافت اور اقدار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔