اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) بڑی تعداد میں عازمین حج کیلئے شاید یہ خبر زیادہ خوشگوار نہ ہو کہ وہ رواں سال حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے چھوٹے بچوں کو اپنے ہمراہ نہیں لے جاسکیں گے کیونکہ سعودی عرب میں حج پر چھوٹے بچوں کو ساتھ لے جانے پر پابندی کا باضابطہ تفصیلی اعلان کردیا ہے۔ جس کے مطابق سعودی عرب کی وزارت برائے حج و عمرہ نے فیصلہ لیا ہے کہ اب چھوٹے بچوں کو حج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ فیصلہ ہر سال حج کے دوران بڑھتی ہوئی بھیڑ کو پیش نظر رکھتے ہوئے لیا گیا ۔ بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے یہ قدم وزارت حج و عمرہ نے اٹھایا ہے۔سعودی عرب کے ذریعہ اپنے ویزا اصولوں میں کچھ بڑی تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں جو کہ خاص طور سے 14 ممالک کے لیے ہیں۔