کوئٹہ۔(نمائندہ خصوصی):صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ وواسا سردارعبدالرحمن کھیتران نے تربت میں معصوم مزدوروں کے قتل کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن پاکستان وبلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی۔اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان قبائلی روایات کا امین صوبہ ہے جہاں بلوچوں وپشتونوں نے ان روایات کاپاس رکھتے ہوئے بہترین مثالیں قائم کیں،آئین بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کی گئی ہے،بدقسمتی سے تربت میں بے گناہ اقلیتی مزدوروں کو قتل کیاگیاہے جو انتہائی افسوسناک ہے ،انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو نشانہ عبرت بنایا جائے گاتاکہ آئندہ اسطرح کے واقعات رونما نہ ہوں۔