اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاہے کہ پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے اور ادارے کے سربراہ ہونے کے ناطے عدلیہ کی آزادی کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے ان خیالات کا اظہارعالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا جس نے جوئل ٹرکیوٹز کی قیادت میں منگل کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس آف پاکستان اور جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی۔چیف جسٹس نے وفد کا خیرمقدم کیا اور عدالتی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ پیش کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ ایسے مشنز کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنے کی عادی نہیں ہے لیکن جب سے فنانس ڈویژن نے درخواست کی ہے، یہ بات چیت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے تبصروں اور خیالات پر پوری طرح محتاط رہیں گے۔انہوں نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے حوالے سے اہم آئینی پیش رفت اور اصلاحات پر روشنی ڈالی جن میں سینئر سطح کی عدالتی تقرری، عدالتی احتساب اور جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (جے سی پی) کی تنظیم نو شامل ہے۔انہوں نے مزید شفاف اور موثر عدالتی انتخاب کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے عدلیہ اور پارلیمانی کمیٹی کے انضمام کی خوبیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سپریم کورٹ فروری کے آخری ہفتے میں متوقع آئندہ این جے پی ایم سی اجلاس کے لیے ایک اہم ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے عمل میں ہے۔یہ ایجنڈا مختلف سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ مجوزہ ایجنڈے میں شامل کرنے کے لیے کسی بھی تجویز کے لیے بالکل تیار ہیں۔ انہوں نے مشن کو کسی بھی اہم تجویز کو شیئر کرنے کی دعوت دی۔ملاقات کے دوران عدالتی احتساب اور ججوں کے خلاف شکایات کے ازالے کے طریقہ کار پر بھی بات چیت ہوئی۔ چیف جسٹس نے عدلیہ کی سالمیت اور آزادی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک مضبوط اور منصفانہ احتسابی عمل کی اہمیت پر زور دیا۔آئی ایم ایف کے وفد نے قانونی اور ادارہ جاتی استحکام کو برقرار رکھنے میں
عدلیہ کے کردار کو تسلیم کیا اور گورننس اور احتساب کو مضبوط بنانے کے لیے جاری اصلاحات کو سراہا اور عدالتی کارکردگی کو بڑھانے اور قانون کی حکمرانی کو اقتصادی اور سماجی ترقی کے اہم جزو کے طور پر برقرار رکھنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان ، سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل، سیکرٹری، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان، سیکرٹری، لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان اور ڈائریکٹر فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی نے شرکت کی۔ ملاقات کے اختتام پرچیف جسٹس آف پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر وفد کو سووینئر پیش کیا۔ وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔