کراچی( نمائندہ خصوصی ) قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکی افراد کو واپس بھیجا جائے گا۔حضرت عبداللہ شاہ غازی کے بارہ سو بانوے ویں عرس کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سندھ کے قائم مقام گورنر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ کسی کو بھی لسانی تقسیم کی اجازت نہیں دیں گے۔
سندھ کا امن مقدم ہے اسے قائم رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جو بھی غیر ملکی غیر قانونی طور پر رہائش پذیر ہے، اسے واپس اپنے ملک بھیجا جائے گا۔ صوبے میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے ادارے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ پر امن ہوا دوسرا بھی امن سے مکمل ہوگا۔ صوبے میں امن قائم رہے اور لوگ خوشحال زندگی گزاریں۔ اس کے لئے دعا کرتے ہیں۔