فیصل آباد۔ (اسپورٹس رپورٹر):سرینا ماسٹرز ٹینس کپ کل بروز (منگل) سے فیصل آباد میں کھیلا جائے گا، عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں سمیت مینز اور وومینز نیشنل چمپئینز بھی ایونٹ میں حصہ لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار عالمی شہرت یافتہ ٹینس پلیئر اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے سرینا ہوٹل میں ایونٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ سرینا ٹینس ماسٹرز کپ سینا ٹینس کورٹس پر 12فروری سے شروع ہوگا جو 3 روز تک جاری رہے گا۔ایونٹ کا فائنل 14 فروری کو کھیلا جائے گا۔ایونٹ چھ سال بعد فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔پاکستان کے آٹھ مرد اور آٹھ خواتین ٹاپ کھلاڑی ایونٹ میں حصہ لیں گے ۔ آج بروز منگل کو جونیئر ٹریننگ میچز کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ دفاعی چیمپئین عقیل خان ، نیشنل چیمپئنز شعیب خان اور اشنا سہیل بھی ایونٹ میں حصہ لیں گے۔ایونٹ میں حصہ لینے والے مرد کھلاڑیوں میں عقیل خان، محمد شعیب، مزمل مرتضی، محمد عابد ، یوسف خلیل، برکت اللّٰہ ، عبداللّٰہ عدنان ، شہزاد خان اور خواتین کھلاڑیوں میں اوشنا سہیل، سوہا علی، ماہ رخ ساجد مہک کھوکھر، نور ملک ، زونیشہ نور اور لالہ رخ ساجد شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان کرکٹ کی طرز میں پہلی بار رمضان ٹینس ٹورنامنٹ اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔ ایونٹ کے میچز افطاری سے سحری تک کھیلے جائیں گے۔ گزشتہ سات سال سے ملک میں ٹینس کا کھیل جمود کا شکار تھا ۔فیڈریشن ٹینس کھلاڑیوں کو قزاقستان اور سعودی عرب بھیجے گی ۔ ٹورنامنٹ سے پہلے طلبہ کو ٹریننگ دیں گے ۔ فیڈریشن ٹینس کے کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولتیں مہیا کر رہی ہے۔ اس موقع پر ٹینس فیڈریشن کے حکام اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ماسٹرز کپ کے ڈراز اور میچ شیڈول تاحال فائنل نہیں کیا گیا۔