اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)ورلڈ اکنامک فورم کے نیو اکنامک اینڈ سوسائٹیز پلیٹ فارم کے کنٹری پارٹنر انسٹی ٹیوٹ مشال پاکستان نے پہلی پاکستان ریفارمر رپورٹ 2025 کا باضابطہ اجرا کر دیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے جس میں مارچ 2024 میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی حکومت کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے کی گئی 120 سے زائد اہم اصلاحات کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔جنوری 2024 سے جنوری 2025 کے آخر تک ایک جامع جائزہ مدت کا احاطہ کرتے ہوئے رپورٹ حکومت کی پالیسی اور گورننس کی تبدیلیوں کا ایک بے مثال اعداد و شمار پر مبنی تجزیہ فراہم کرتی ہے۔ پاکستان میں پہلی بار حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کو منظم انداز میں دستاویزی شکل دینے کی جامع کوشش کی گئی ہے۔ گزشتہ 11 ماہ کے دوران مختلف شعبوں میں 120 سے زائد اصلاحات نافذ کی گئی ہیں ،یہ اقدام پالیسی تبدیلیوں کا درست اور شفاف حساب فراہم کرنے میں اہم ہے،– جس سے اسٹیک ہولڈرز بشمول پالیسی سازوں، کاروباری اداروں اور بین الاقوامی اداروں کو پاکستان کے بدلتے ہوئے گو منظرنامے کے ساتھ منسلک ہونے اور اس کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔ معلومات کے فرق کو پر کرتے ہوئے پاکستان ریفارمز رپورٹ 2025 ء نے اس بات کو یقینی بنایا کہ اصلاحات کو تسلیم کیا جائے، ان کا تجزیہ کیا جائے اور مستقبل کی گورننس کی ترقی کی بنیاد کے طور پر کام کیا جائے۔ زیادہ تر بین الاقوامی رپورٹس کے برعکس جو ہر سال جنوری سے مئی تک کے اعداد و شمار حاصل کرتی ہیں، پاکستان ریفارمز رپورٹ 2025 پورے سال کا جائزہ پیش کرتی ہے، جو گورننس، احتساب اور شمولیتی اصلاحات کی زیادہ درست اور جامع تصویر پیش کرتی ہے۔ورلڈ اکنامک فورم کے کنٹری پارٹنر انسٹی ٹیوٹ مشال پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر جہانگیر نے پاکستان ریفارمز رپورٹ 2025 کے اجرا کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے رپورٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریفارمز رپورٹ 2025 ایک بے مثال اقدام ہے جس کا مقصد گورننس اصلاحات میں معلومات کے خلا کو پر کرنا ہے۔ اگرچہ بین الاقوامی جائزے اکثر منقسم اعداد و شمار پر توجہ مرکوز کرتے ہیں لیکن یہ رپورٹ اس بات کا مکمل تجزیہ پیش کرتی ہے کہ وزیر اعظم کی قیا دت میں پاکستان کس طرح تبدیل ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اصلاحات کو منظم اور قابل رسائی انداز میں دستاویزی شکل دے کر ہم پالیسی سازوں، کاروباری اداروں اور عالمی اداروں کو بااختیار بناتے ہیں کہ وہ پاکستان کے بدلتے ہوئے گورننس منظرنامے سے منسلک ہونے کے لیے ضروری معلومات فراہم کریں۔پاکستان ریفارمز رپورٹ 2025 پالیسی سازوں، سرمایہ کاروں، ماہرین تعلیم اور ترقیاتی اداروں کے لیے ایک لازمی وسیلہ ہے جو پاکستان کے ابھرتے ہوئے گورننس فریم ورک کو سمجھنا چاہتے ہیں۔ وسیع تحقیق اعداد و شمار جمع کرنے اور اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کے ذریعے کلیدی شعبوں میں حکومت کی کارکردگی کا منظم، شفاف اور جامع جائزہ فراہم کرتی ہے۔مشال پاکستان ایک ایوارڈ یافتہ بزنس انٹیلی جنس، پبلک پالیسی اور اسٹریٹجک کمیونیکیشن ادارہ ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کے کنٹری پارٹنر انسٹی ٹیوٹ کی حیثیت سے مشال پاکستان کئی عالمی مسابقتی اشاریوں میں حصہ ڈالتا ہے جن میں عالمی مسابقتی رپورٹ، گلوبل گروتھ انڈیکس، گلوبل جینڈر گیپ انڈیکس، گلوبل ٹریول اینڈ ٹورازم ڈیولپمنٹ رپورٹ اور نیٹ ورک ریڈینیس انڈیکس شامل ہیں۔یہ ادارہ پاکستان میں میڈیا کی ترقی، گورننس میں جدت طرازی اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں پیش پیش رہا ہے۔مکمل پاکستان ریفارمز رپورٹ 2025 (پی آر آر 25) عوام کی رسائی اور ڈاؤن لوڈ کے لئے mishal.com.pk/reforms2025 پر دستیاب ہے۔