راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی)سیکیورٹی فورسز نے 8 اور9 فروری کی درمیانی شب خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں میں سات خوارج کو جہن واصل کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 8 اور 9 فروری 2025 کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے جنرل ایریا مڈی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں خارجی دہشت گرد رحمت سمیت تین خوارج جہنم واصل ہو گئے، کارروائی کے دوران دو خوارج زخمی ہوگئے۔ انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک اور آپریشن ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز نے چار خوارج کو ہلاک کر دیا جبکہ تین خوارج زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خارجی دہشت گرد کے خاتمے کے لئے کلیئرنس کی کارروائیاں کی جا ری ہیں ، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں