کراچی۔ (نمائندہ خصوصی):امن مشق 2025 کے ضمن میں پہلی بار منعقد ہونے والے دو روزہ امن ڈائیلاگ کا افتتاحی سیشن پاکستان نیول اکیڈمی، کراچی میں منعقد ہوا۔پاک بحریہ کے زیر اہتمام اس ڈائیلاگ میں دنیا بھر سے بحری افواج کے سربراہان، میری ٹائم تنظیموں کے نمائندگان اور معروف ماہرین نے شرکت کی۔ افتتاحی سیشن میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف آف دی نیول سٹاف، ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے استقبالیہ خطاب میں امن ڈائیلاگ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور سمندری خطرات سے نمٹنے کے لیے بحری ممالک کے درمیان
تجربات کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ قابلِ عمل حکمتِ عملی وضع کی جا سکے۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے اپنے خطاب میں پاک بحریہ کی باہمی تعاون کے فروغ کیلئے کوششوں کو سراہا تاکہ بحری سلامتی کے پیچیدہ چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔محفوظ سمندر، خوشحال مستقبل کے مرکزی موضوع کے تحت امن ڈائیلاگ مختلف سیشنز پر مشتمل ہے، جن میں شریک ممالک کے سربراہان اور وفود نے بحری سلامتی، میری ٹائم تعاون، بلیو اکانومی اور میری ٹائم سیکیورٹی پر ٹیکنالوجی کے اثرات جیسے وسیع موضوعات پر پینل مباحثے اور تفصیلی غور و خوض کیا۔امن ڈائیلاگ عالمی بحری قیادت کو معروف ماہرین کی معاونت سے محفوظ بحری مستقبل کے لیے حکمتِ عملی تیار کرنے کا خصوصی موقع فراہم کرتا ہے۔امن ڈائیلاگ کے موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے شریک بحری افواج اور کوسٹ گارڈز کے سربراہان سے انفرادی ملاقاتیں بھی کیں۔ ان ملاقاتوں میں بحری مسائل، باہمی دلچسپی کے امور اور بحری تعاون کو مزید فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔