اسلام آباد(سٹی رپورٹر)آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے حکومت پاکستان الگ سے سفیر مقرر کرے، وزیر اعظم پاکستان، آرمی چیف کے پانچ فروری کویوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر واضح اور دو ٹوک موقف سے کشمیریوں سمیت ہندوستان اور دنیا کومضبوط پیغام گیا ہے جس پر انکے شکر گزار ہیں، ہندوستان ڈس انفارمیشن پھیلا رہا ہےجسے توڑنے کی ضرورت ہے،ہندوستان نے یوم یکجہتی کشمیر کے پروگرامزکو ثبوتاژکرنے کی پوری کوشش کی مگر پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی عمدہ پلاننگ کے باعث اسے کامیابی حاصل نہیں ہوئی جس پر پاکستان کے تمام سیکورٹی ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اے پی ایچ سی کے سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز شاہ، الطاف وانی، شیخ عبدالمتین،زاہد صفی،امتیاز وانی ،محترمہ شمیم شال و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، حریت راہنماؤں کاکشمیر کی آزادی کیلئے جنگ لڑنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ پوری دنیا میں بسنے والے کشمیریوں نے یوم یکجہتی بڑے جوش و جذبے سے منایا، اس بار حریت کانفرنس نے حکومت پاکستان کیساتھ مشاورت کیساتھ یوم یکجہتی کشمیرمنایااور اس دن ملک بھر میں ہونے والےپروگرامز،سیمینارز، جلسے جلسوں اور ریلیوں میں حریت نمائندے موجود رہے تاکہ وہ پاکستانی قوم کے جذبے کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں،پاکستان قوم میں اس بار 90ء کی دہائی والا جوش و جذبہ نظر آیا ہے، وزیر اعظم اور آرمی چیف کے کشمیر کے حوالے سے بیانات سے نہ صرف کشمیریوں بلکہ ہندوستان اور دنیا کو بھی بڑا واضح اور مضبوط پیغام گیا ہے، کشمیریوں کواپنی رائے کا آزادانہ فیصلہ کرنے کا موقع ملنا چاہیئے کہ آیا وہ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا ہندوستان کے ساتھ، حریت رہنماؤں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل اور او آئی سی میں کشمیر کے حوالے سے ایک مضبوط آواز بلند کی ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کشمیر کے حوالے سے اپنا ایک الگ سے سفیر مقرر کرے تاکہ اس مسئلے کو زیادہ موثر طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے اور ہندوستان کی ڈس انفارمیشن کا توڑ کیا جا سکے۔