لاہور( نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کے ڈیفالٹ کی دعائیں کرنے والے آج شرمندہ ہیں، عوام نے تحریک انتشار کی جھوٹ کی سیاست یکسر مسترد کر دی ہے، یہ لوگ روتے رہیں گے اور ہم ترقی اور عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہو چکی، آج پورے ملک میں یوم تعمیر و ترقی منایا جا رہا ہے، پاکستان کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں حلقہ این اے 127 میں یوم تعمیر و ترقی کے حوالے سے عوامی جلسہ سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ، وڈیری بی بی، رکن پنجاب اسمبلی میاں عمران جاوید، رکن پنجاب اسمبلی ملک شہباز کھوکھر، کوثر جاوید، تنویر نثار گجر، چیئرمین رانا بابر، سمیت لیگی رہنماں، کارکنان اور حلقہ کے عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، عوام کے معیار زندگی کی بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو عوام سے وعدہ کیا کہ اس ملک کو معاشی قوت بنائیں گے اور ملک میں خوشحالی لائیں گے، آج حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ملک بھر میں تعمیر و ترقی کا جشن منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتشار پارٹی کی نالائقی کی وجہ سے یہ ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا ،ہم نے اپنی سیاست کی پرواہ کئے بغیر اس ملک کی تقدیر بدلنے کا ارادہ کیا اور پھر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں ملک کو ڈیفالٹ کے دھانے سے موڑ کر تعمیر و ترقی کی طرف لائے ہیں، آج کا دن اس محنت اور اس کاوش کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے ملکی معیشت کی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں، ایک سال میں درآمدات کے مقابلے میں برآمدات میں اضافہ ہوا، تجارتی خسارے میں واضح کمی آئی، مہنگائی کی شرح میں سنگل ڈیجٹ تک کمی واقع ہوئی، مہنگائی ساڑھے 6 سال کی کم ترین سطح پر آچکی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا ایک سال بے مثال رہا، بہتر معاشی پالیسیوں کے تسلسل سے عام آدمی کے حالات زندگی بہتر ہوئے، وزیراعظم محمد شہبا زشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہو چکا ہے، حکومت کی ایک سال کی کارکردگی نے ترقی کے نئے باب رقم کئے ہیں، قومی معیشت سے لے کے بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور سماجی بہبود تک ہر شعبے میں واضح پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اوورسیز پاکستانیوں کا موجودہ حکومت پر اعتماد بحال ہوا ہے، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلندیوں کو چھو رہی ہے، آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا، مشکل حالات، سیاسی انتشار اور ان گنت رکاوٹوں کے باوجود ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑی معیشت ایک سال میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکی ہے،آج ایک تاریخی دن ہے، حکومت پہلے سال کے تمام اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے، جلد عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک ایسا وقت بھی تھا جب جب انتشاری ٹولہ شرطیں لگاتا اور دعائیں کرتا تھا کہ ملک ڈیفالٹ ہوگا مگر جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، آج اللہ تعالی کے فضل فضل سے ایک سال بعد پاکستان کا شمار دنیا کی بہترین معیشتوں میں ہونا شروع ہو گیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سفارتی محاذ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف بیرون ملک دورے پر جاتے ہیں تو عالمی رہنما پاکستان کی معیشت کی تعریف کرتے ہیں جس سے ہمارا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے سفر میں سپہ سالار پاکستان نے حب الوطنی اور محنت کے ساتھ بھرپور کردار ادا کیا، پاکستان کو ترقی کی منزلوں کی طرف لے کر گئے، یہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بچپن میں سکھایا گیا تھا کہ جو سرحدوں کا محافظ ہے وہ عزت کے لائق ہے، جو وردی پہن کے سرحدوں پر کھڑا ہوتا ہے وہ اپنے خاندان سے دور سرحدوں پر پہرہ دیتا ہے جس کی بدولت ہم آرام کی نیند سوتے ہیں، 9 مئی والوں نے ان پر کیچڑ اچھالا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انتشار والے پاکستان کے دشمن ہیں جو شہدا کی بے حرمتی کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی والوں کے کے مکروہ چہرے پوری قوم دیکھ چکی، الزام ،جھوٹ اور منافقت کی سیاست پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، پی ٹی آئی کا دھاندلی کابیانیہ دفن ہو چکا ہے، شہداکی یادگارو ں کی بے حرمتی کرنے والے 190 ملین پانڈ کے چور نکلے ہیں، ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی دعائیں کرنے والے آج شرمندہ ہیں، یہ لوگ اس بات پر آج پریشان ہیں کہ یہ پاکستان ترقی کیسے کر گیا حالانکہ ایک سال کے مختصر سے عرصے میں معیشت کے مثبت اشاریوں پر انہیں خوش ہونا چاہئے تھا لیکن ان کے ہاں صف ماتم بچھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کے پاس خیبر پختونخوا میں کارکردگی دکھانے کے لئے کچھ نہیں ہے، دوسری طرف پنجاب میں وزیر اعلی مریم نواز شریف صوبے میں عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، انتشاری ٹولہ کی آپس کی لڑائی سے خیبر پختونوا کا برا حال ہو چکا ہے، یہ آپس میں دست و گریباں ہیں، ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں، یہ جو قوم کے ذہن میں نفرت کے بیچ بوتے تھے، لوگوں کو تقسیم کرتے تھے انہوں نے جو بویا ہے وہی آج کاٹ رہے ہیں، ان کی اپنی جماعت تقسیم ہو چکی ہے، یہ اللہ تعالی کا نظام ہے کہ جب تم کسی کے ساتھ ظلم زیادتی کرتے ہو تو وہ واپس مڑ کے تمہاری طرف آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کی جھوٹ کی سیاست کو مسترد کر ددی ہے، یہ روتے رہیں گے اور ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، پاکستان کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا ، انشااللہ تعالی اس پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں، حلقے کے عوام کے لئے بڑھ چڑھ کر کام کر رہے ہیں، عوامی خدمت کا ثمر ہے کہ آج آپ یہاں موجود ہیں، میری والدہ حلقے کے عوام کی خدمت میں دن رات مصروف عمل ہیں، ہمیشہ عوام کا ہاتھ اور بازو بن کران کے درمیان رہوں گا۔ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی میاں عمران جاوید نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہوچکا ہے، ترقی کرتا پنجاب عوام کو مبارک ہو، پاکستان کی خوشحالی قائد محمد نواز شریف کے نظریئے کی مرہون منت ہے، نواز شریف نے ملک میں سڑکوں اور موٹر ویز کے جال بچھائے، آج لاہور والے یوم تعمیرو ترقی منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے 6 مہینوں میں ہر گھر میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ رکن پنجاب اسمبلی ملک شہباز کھوکھرنے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی قیادت میں پنجاب ترقی کر رہا ہے، لاہور سمیت دیگر شہروں کو صاف رکھنے کا عزم کر رکھا ہے، ہماری وزیراعلی مریم نواز شریف عوام کے دلوں میں رہتی ہیں، پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام جاری ہیں۔