اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور ممتاز سفارت کار سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ نہ صرف آزاد جموں و کشمیر بلکہ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر بھی پاکستان کی دفاعی ڈھال کا کام کررہاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار مسعود خان نے یہ بات اسلام آباد میں پاکستان آئیڈیالوجی کونسل اور انگریزی روزنامہ پاکستان آبزرور کے زیر اہتمام ایک کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کشمیریوں کو تقسیم کرنے کی بھارتی کوششوں کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہاکہ آزادی اور حق خود ارادیت کی تحریک سے توجہ ہٹا نے کیلئے آزاد کشمیرکے حوالے سے بے بنیاد باتیں پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک آزادی کو کمزور کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔انہوں نے آزاد کشمیر کو پاکستان کی پہلی دفاعی لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں بدامنی یا انتشار ملک کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ انہوں نے مقبوضہ جموںکشمیر کے محکوم لوگوں کے ساتھ بھرپوریکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دس لاکھ کے لگ بھگ بھارتی فورسز اہلکاروںکا پامردی سے مقا بلہ کر رہے ہیں۔انہوںنے مزیدکہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کوتبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے اور بھارتی شہریوںکو آ باد کرنے کیلئے کشمیریوں سے زمینیں چھین رہاہے۔