کراچی (نمائندہ خصوصی)پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گالے، کونسل جنرل الیکسس چاٹاہتنِسکی کے ہمراہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ہیڈکوارٹر کراچی پہنچے، جہاں ڈی جی پی اے اے ایئر وائس مارشل ذیشان سعید اور سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔سفیر کو پی اے اے کی تنظیمی ڈھانچے، اس کی جدیدیت کے منصوبوں، اور مستقبل کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ ملاقات میں ای گیٹ سسٹمز، جدید نیویگیشن ٹیکنالوجی، اور بڑے ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ پر تبادلہ خیال ہوا۔ نئے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے فعال ہونے پر بھی گفتگو کی گئی۔نکولس گالے نے پی اے اے کی ترقیاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے
پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر میں فرانس کے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ ڈی جی پی اے اے ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے بین الاقوامی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا اور فرانسیسی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔دورے کے اختتام پر یادگاری تحائف کا تبادلہ کیا گیا، جو دونوں ممالک کے مستحکم تعلقات کی علامت ہے۔