کراچی( نمائندہ خصوصی)نویں کثیر القومی بحری مشق امن 2025 کا باضابطہ آغاز پاکستان نیوی ڈاکیارڈ، کراچی میں منعقدہ ایک متاثر کن اور رنگا رنگ پرچم کشائی کی تقریب سے کیا گیا۔ مشق امن 2025 کا آغاز شریک ممالک کے جھنڈے بیک وقت لہرا کر کیا گیا۔ تقریب میں شریک ممالک کی اعلیٰ عسکری قیادت، مبصرین، سفارت کاروں اور پاکستان کی مسلح افواج کے حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اپنے پیغام میں نیول چیف نے مشق امن 2025 کے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن مشق ایک باقاعدہ سرگرمی ہے جس میں علاقائی اور عالمی بحری افواج شرکت کرتی ہیں تاکہ خطے میں بلا تعطل میری ٹائم سرگرمیوں کے لیے محفوظ اور سازگار بحری ماحول پیدا کیا جا سکے۔ نیول چیف نے اپنے پیغام میں مزید اس بات پر زور دیا کہ پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں کلیدی اسٹیک ہولڈر ہونے کے ناطے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز (RMSP) پاک بحریہ کا ایسا ہی ایک اقدام ہے۔ مزید برآں، انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ عالمی برادری کی جانب سے سمندر میں امن و امان کے فروغ کے لیے ہماری کوششوں پر اعتماد کی بنا پر امن مشق کے ساتھ
امن ڈائیلاگ کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے عالمی سمندری سیکیورٹی میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے شریک ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشق کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ مزید برآں، انہوں نے مشق کے مقاصد کے حصول کے لیے شریک ممالک کی جانب سے تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ مشق تمام شریک ممالک کے لیے باہمی طور پر فائدہ مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے سمندر میں امن و امان کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کی حمایت کرنے پر
شریک ممالک کو سراہا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے دنیا بھر سے شریک ممالک کے جھنڈوں کے ایک ساتھ لہرانے کو مشق کے موٹو "امن کے لیے متحد” کی علامت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہاں سے شروع ہونے والی دوستی مزید فروغ پائے گی۔ امن مشق 2025؛ امن سیریز کی نویں مشق ہے جو کہ 7 سے 11 فروری 2025 تک جاری رہے گی۔ اس مشق میں تقریباً60 ممالک کے بحری اور ہوائی جہاز، اسپیشل آپریشن فورسز اور بڑی تعداد میں مبصرین شرکت کر رہے ہیں۔ مزید برآں، مشق کے ضمن میں 9 تا 10 فروری پہلے امن ڈائیلاگ کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ امن ڈائیلاگ کے دوران شریک ممالک کے بحری سربراہان اور سینئر نمائندگان سمندری چیلنجز اورمیری ٹائم سیکیورٹی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے جدید حل وضع کریں گے۔