لاہور۔(نمائندہ خصوصی):چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ شائقین کرکٹ اور کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں ، قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نوکا منصوبہ اس کی واضح مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز قذافی سٹیڈیم کی تعمیرنو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے بورڈ کے ہر فرد کا اہم کردار ہے، جنہوں نے جانفشانی سے کام کیا، یہ ایک ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ، اللہ تعالی کا شکر ہے ہم اس منصوبے کی جلد تکمیل میں کامیاب ہوئے -انہوں نے بتایا کہ تقریبا چار ماہ قبل پرانا سٹیڈیم تھا اور ہمارا ٹارگٹ تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے پہلے اس منصوبے کو مکمل کریں ، منصوبہ کو جلد مکمل کرنے کے لیے 2500 کے قریب
مزدوروں نے دن رات کام کیا جو تین تین ماہ سے اپنے گھروں کو نہیں گئے تھے، انہوں نے 16 16 گھنٹے کام کیا، جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں –محسن نقوی نے کہا کہ نیسپاک ،ایف ڈبلیو او ،پاک آرمی اور پنجاب حکومت نے بھی ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا جس کی بدولت آج یہ منصوبہ قلیل عرصہ میں پایہ تکمیل کو پہنچا ہے- انہوں نے کہا کہ تقریبا 30 سال کے بعد ایک بہت بڑا ایونٹ پاکستان میں منعقد ہونے جا رہا ہے، شائقین کرکٹ کو شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے –انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور دیگر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا -بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے باقاعدہ طور پر قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا افتتاح کیا اور دعا کی- اس موقع پر قذافی اسٹیڈیم میں آتش بازی اور لیزر لائٹس کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جبکہ فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا-قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں حصہ لینے والے مختلف محکموں کے حکام میں تعریفی شیلڈ بھی تقسیم کیں۔