لاہور(نمائندہ خصوصی)۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پاکستانی قوم کے ہیرو ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی آپ کی جیت کی منتظر ہے،ہم اس وقت کا انتظار کریں گے جب آپ ہندوستان کو شکست فاش دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو قذافی سٹیڈیم کی تعمیرنو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزرا عطااللہ تارڑ، محسن نقوی، احسن اقبال، رانا تنویر حسین،اعظم نذیر تارڑ، خالد مقبول صدیقی، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، امریکی قونصلیٹ کے حکام، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، پی سی بی آفیشلز، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور نیسپاک کے افسران موجود تھے۔ وزیراعظم نے 117 دنوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر نو پر وزیرداخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ آج خوشی کا دن ہے ، قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو شاندار طریقے سے مکمل ہوئی۔ کنٹریکٹر اور ورکرز نے محسن نقوی کی نگرانی میں ناممکن کام کو ممکن کر دکھایا جس پر انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ محسن نقوی اس اہم منصوبے میں دن رات کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ محمد شہباز شریف نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب نے سٹیڈیم کی تعمیر میں مدد فراہم کی جس پر وہ پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز سپیڈ ماضی کی بات ہے میں محسن سپیڈ کی بات کرتا ہوں جنہوں نے دلجمعی سے کام کیا۔وزیراعظم نے قومی کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے اچھی کرکٹ کھیل کر قوم کے دل جیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی ہونہار ہیں چیمپئنز ٹرافی آپ کی جیت کی منتظرہے، اللہ آپ کی مدد کرے گا ،ہم اس وقت کا انتظار کریں گے جب آپ ہندوستان کو شکست دے کر قوم کے دل جیتیں گے۔وزیراعظم نے شاہین آفریدی سے کہا کہ وہ اپنے سسر کے نقش قدم پر چل کر وکٹوں کے انبار لگادیں ، اللہ تعالیٰ چیمپئنز ٹرافی کو پاکستان کی جھولی میں ڈالے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب وہ حکومت میں آئے تو پہلے آٹھ ماہ میں مہنگائی اس رفتار سے بڑھ رہی تھی جس رفتار سے آسٹریلیا کے فاسٹ بالر ڈینس للی کی گیند چلتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام بھی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم بھارتی کھلاڑیوں کو اس طرح ٹف ٹائم دے جس طرح ڈینس للی نے انتخاب عالم کو دیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 29 سال بعد بڑا ایونٹ ہو نے جارہا ہے، وزیراعلی پنجاب بہترین سکیورٹی اور محسن نقوی شاندار انتظامات کریں گے جس سے شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی ۔ تقریب سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی خطاب کیا۔