اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان کی حکومت اور عوام نے کل ”یوم یکجہتی کشمیر“ منایا اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے ان کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر سے قبل اسلام آباد میں مقیم سفارتکاروں کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لئے ایک بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سیکرٹری خارجہ کی قیادت میں وزارت کے افسران اور عملے نے کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر منعقدہ یوم یکجہتی واک میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اور دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی مشنز میں سیمینارز، عوامی ریلیوں اور تصویری نمائشوں سمیت دیگر سرگرمیوں کی ایک وسیع رینج کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا تھا۔