اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط کشمیر عملی طور پر کھلی جیل بن چکا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ناقابل قبول ہیں۔ بدھ کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ناقابل قبول ہیں، ہزاروں معصوم کشمیری اپنی آزادی کی جدوجہد میں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے بھارتی قابض افواج کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم، جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت قتل اور بنیادی ضروریات کی عدم فراہمی پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر عملی طور پر کھلی جیل بن چکا ہے جہاں تعلیم، مذہب اور آزادی جیسے بنیادی حقوق سلب کئے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری غیر قانونی بھارتی قبضے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا سخت نوٹس لیں اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کریں۔انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام اقوام کو حق خودارادیت حاصل ہے اور کشمیری عوام کو بھی اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا مکمل اختیار ملنا چاہیے، پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہر سطح پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا، ہم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور نہ ہی ان کی آواز دبنے دیں گے، کشمیر کے شہداء ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔