بیجنگ۔(نمائندہ خصوصی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چاؤ لے چی نے ملاقات کی جس دوران دونوں ممالک کے درمیان جاری عملی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے مسلسل اعلیٰ سطحی تبادلوں ،سائنس اور ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے اور زرعی شعبے میں تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین چاؤ نے دونوں ملکوں کے درمیان سدا بہار دوستی کو اجاگر کیا۔اعلامیےمیں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی دوستی دہائیوں کے دوران مزید گہری اور وسیع ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی باہمی اعتماد پاک چین دوستی کی بنیاد ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان جاری عملی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے مسلسل اعلیٰ سطحی تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔دونوں رہنمائوں نے ملاقات میں سائنس اور ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے اور زرعی شعبے میں تعاون کے فروغ کی ضرورت پر بھی زوردیا۔فریقین نے پاک چین اقتصادی راہداری 2.0 کی اعلیٰ معیار کی ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اعلامیے میں کہا گیاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری عوام کی خوشحالی پر مرکوز ترقی کی ایک روشن مثال ہے ، ملاقات میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کے لیے پارلیمانی تبادلوں اور سی پیک سیاسی جماعتوں کے مشترکہ مشاورتی میکانزم میں شرکت سمیت ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا