اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی قربانیاں اور جدوجہد بھارتی ظلم پر فتح پائیں گی۔بدھ کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں فریال تالپور نے کہا کہ پوری قوم مظلوم کشمیری عوام سے غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے ، قائدِ عوام شہیدبھٹو کے نظریے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے تحت پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے، پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں آئندہ بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی قربانیاں اور جدوجہد بھارتی ظلم پر فتح پائیں گی، وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کے سورج کو طلوع ہوتا دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو پاکستان کے وہ پہلے وزیراعظم تھے جنہوں نے عالمی سطح پر کشمیر کے مقدمے کو موثر انداز میں پیش کیا، قائدِ عوام نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دنیا بھر میں تسلیم کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ فریال تالپور نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی زندگی بھر ہر فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کی اور بھارت کے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کیا، صدر مملکت آصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہم کشمیری عوام کے حقوق کے لئے ہر سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے اور قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ اپنی آزادی کے حق سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا فوری نوٹس لے، کشمیری عوام کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کو یقینی بنایا جائے۔فریال تالپور نے کہا کہ بھارتی جیلوں میں قید ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو فوری رہا کیا جائے، مقبوضہ وادی میں مودی حکومت کی جانب سے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی جاری گھنائونی سازش کو بند کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور اس جدوجہد میں ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو غیرمتزلزل عزم کے ساتھ اپنے حق خودارادیت جاری رکھنے پر سلام پیش کرتی ہوں۔ فریال تالپور نے کشمیری شہداء کی لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔