کراچی (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی رائیگاں نہیں جائے گی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری کردہ پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر جاری ظلم و ستم کی شدید مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم ہر فورم پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سندھ کشمیری عوام کی حمایت میں ہر ممکن اقدامات کرے گی اور ہر سطح پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ بھر میں کشمیری عوام کے حق میں مختلف تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ہے، جن میں عوام نے بھرپور شرکت کرکے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، اور ہم ان کی اس جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔