اسلام آباد(نمائندہ خصوصی): یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرمظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پاکستان اورآزاد جموں وکشمیر میں مختلف تقاریب اورریلیوں کااہتمام کیا جارہا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرآباد میں ایک تقریب کا اہتمام کیاگیاجس سے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے سیکریٹری جنرل ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ اور حریت رہنما زاہد اشرف نے بھی خطاب کیا۔ یوتھ ماڈل نیشنل اسمبلی خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام پشاور یونیورسٹی میں یکجہتی کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے دیگر لوگوں کے علاوہ حریت رہنمائوں محمد سلطان بٹ اورامتیاز وانی نے بھی خطاب کیا۔ اسی طرح کوئٹہ میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس سے حریت رہنما زاہد صفی نے بھی خطاب کیا۔ ان تقریبات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کرنا اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے۔ مقررین نے اپنی تقریروں میں حقِ خودارادیت کے لئے کشمیری عوام کی جدوجہد اور پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے تاریخی، قانونی اور انسانی حقوق کے پہلوئو ں کو اجاگر کرتے ہوئے نوجوانوں کو اس مشن کا سفیر بننے کی تلقین کی۔انہوں نے کہاکہ میڈیا وہ طاقت ہے جو سچ کو دفن ہونے سے بچاتی ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیامیں بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر صرف ایک خطہ نہیں بلکہ وہاں بسنے والے لاکھوں مظلوموں کی داستانِ حریت ہے جسے دبایا نہیں جا سکتا۔مقررین نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین واضح طور پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی توثیق کرتے ہیں مگر افسوس کہ عالمی ضمیر تاحال خاموش ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی عالمی برادری کے لیے ایک چیلنج ہے اور اگر اس پر خاموشی برقرار رہی تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔کشمیری عوام نے اپنے لہو سے تاریخ رقم کی ہے اور ان کی لازوال قربانیاں اس بات کی گواہ ہیں کہ وہ اپنے حق کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔مقررین نے کہاکہ پاکستان کے نوجوان مسئلہ کشمیر کے حقیقی سفیر ہیں اوریہ ہماری اخلاقی، سماجی اور قومی ذمہ داری ہے کہ ہم کشمیری عوام کے حق کے لئے ہر محاذ پراپنی آواز بلند کریں۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔دریں اثناء جموں وکشمیر ینگ مینز لیگ نے کنٹرول لائن کے قریب نوسری نیلم میںیکجہتی کشمیر ریلی نکالی جس کی قیادت پارٹی کے کوارڈینیٹر محمد اقبال خان نے کی۔ادھر لاہور میںبارایسوسی ایشن، کشمیر سینٹر لاہوراورکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ کشمیر کی آزادی تکمیل پاکستان کا نا مکمل ایجنڈا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ عزم ہے کہ کشمیر کی آزادی ہی پاکستان کی حقیقی تکمیل ہے اور ہم اس مقصد کے لیے ہرممکن کوشش کرتے رہیں گے۔ ”مظلوم کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کے تقاضے اورمقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال”کے عنوان سے سیمینار ایوان عدل لاہور میں منعقد ہوا۔ سیمینارسے صدرلاہوربارایسوسی ایشن مبشررحمان چوہدری، انچارج کشمیرسنٹرلاہورانعام الحسن کاشمیری، منظور حسین گیلانی ایڈووکیٹ،حریت رہنما انجینئرمشتاق محمود، سیکرٹری بار نصیراحمد بھلہ اوردیگر نے خطاب کیا۔