اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقدہ اقتصادی تعاون تنظیم کی اصلاحات اور خطے میں تعاون کے امکانات سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ پیر کو دفتر خارجہ کے مطابق اعلیٰ سطحی کمیٹی میں سیکرٹری خارجہ نے ای سی او اصلاحات سے متعلق اہم امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ای سی او کو جامع اصلاحات کی ضرورت ہے جس میں مالیاتی اور بجٹ کے معاملات، سیکرٹریٹ کی کارکردگی میں اضافہ، بھرتی کی موثر پالیسی اور دیگر متعلقہ معاملات پر غور و خوض شامل ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے تنظیم کے بانی رکن ہونے کے ناطے علاقائی روابط اور تجارت کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان ای سی او تجارتی معاہدے ( ای سی او ٹی اے) کے جلد نفاذ کو بہت اہمیت دیتا ہے اور وہ تمام رکن ممالک پر زور دے گا کہ وہ ای سی او ٹی اے کے جلد از جلد نفاذ میں اس معاملے پر وسیع تر اور زیادہ جامع نقطہ نظر اختیار کریں۔سیکرٹری خارجہ نے علاقائی تجارت اور علاقائی روابط بڑھانے کے حوالے سے ای سی او وژن 2025 کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا اور ازبکستان کے تعاون کے مجوزہ سٹریٹجک مقاصد 2035 کو بھی سراہا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ای سی او کے پلیٹ فارم سے اجتماعی اور مربوط کوششوں سے تمام رکن ممالک خطے میں ای سی او کی حقیقی صلاحیت کا ادراک کرسکتے ہیں۔