راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے جنوبی ایشیا اور وسیع تر خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلادیش باہمی تعاون پر مبنی دفاعی اقدامات کے ذریعے علاقائی سلامتی میں اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے۔منگل کو آئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل سٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرسے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فریقین نے خطے میں ابھرتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر وسیع تناظر میں تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ فوجی تعاون کو بڑھانے کے لیے مزید مواقع تلاش کیے۔فریقین نے مضبوط دفاعی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتےہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کو بیرونی مداخلت کے خلاف لچکدار رہنا چاہیے آرمی چیف نے جنوبی ایشیا اور وسیع تر خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کا اعادہ کیا جبکہ دونوں ممالک باہمی تعاون پر مبنی دفاعی اقدامات کے ذریعے علاقائی سلامتی میں اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے۔لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن نے پاک فوج کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششیں، حوصلہ اور عزم بے مثال ہیں۔