راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل سٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزاسے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز میں تفصیلی ملاقات کی۔بات چیت میں باہمی سٹریٹجک دلچسپی کے امور پر توجہ مرکوز کی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے راستے تلاش کیے گئے۔ دونوں اطراف نے فوجی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور اس شراکت داری کو کسی بھی بیرونی رکاوٹ سے محفوظ رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔منگل کو آئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں فریقوں نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے میں تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لیے ایک مشترکہ وژن رکھتے ہیں جس کی بنیاد مضبوط دفاعی تعاون ہے۔لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے افواج کی لچک اور عزم کا اعتراف کیا۔