اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے کے لئے دوست ممالک کی مارکیٹس کے تقاضوں کے مطابق لائحہ عمل تشکیل دینے اور بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے والی جعلی اور بغیر لائسنس کا م کرنے والی کمپنیوں کے خلاف اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اڑان پاکستان منصوبے سے ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے نوجوانوں کو پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنی زیر صدارت پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاوزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے نوجوانوں کو پیشہ
وارانہ صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے، تکنیکی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لئے نیوٹیک اور پرائم منسٹر یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو فروغ دے کر ملک میں بے روزگاری کا سد باب کرنے کی پالیسی پر سرگرم عمل ہے، پاکستان کا مستقبل آئی ٹی شعبے کی ترقی سے وابستہ ہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے کے لئے دوست ممالک کی مارکیٹس کے تقاضوں کے مطابق لائحہ عمل تشکیل دینے اور بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے والی جعلی اور لائسنس کے بغیر کمپنیوں کے خلاف اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ عنقریب نوجوانوں کے لئے وزیر اعظم ڈیجیٹل یوتھ ہب کے نام سے ایک پلیٹ فارم قائم کیا جارہا ہے جس سے نوجوانوں کو ملازمتوں اور دیگر خدمات کے حوالے معلومات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے ڈیجیٹل یوتھ حب کو عوام کے لئے آسان بنانے کے لئے انگریزی کے ساتھ ساتھ تمام مقامی زبانوں میں بھی متعارف کرانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں وزیراعظم کو پرائم منسٹر یوتھ ایمپلائمنٹ پلان، افرادی قوت کو بین الاقوامی مارکیٹ میں درکار صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کے لئے اقدامات اور دیگر منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے ۔