اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پاک بحریہ کے نئے جہاز یمامہ نے رومانیہ سے پاکستان کے لیے پہلے سفر کےدوران ترکیہ کے گولچک اور اکساز نیول بیسز کا دورہ کیا اور ترک بحریہ کی مشق ماوی وطن (MAVI VATAN-25) میں حصہ لیا۔ قبل ازیں؛ جہاز کی بندرگاہ آمد پر پاکستان کے نیول اتاشی کے ہمراہ ترک بحری افواج کے نمائندوں نے جہاز کا استقبال کیا۔پی این ایس یمامہ کے دورہ ترکی کا مقصد برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور ترکیہ کے ساتھ وسیع تر دوطرفہ اور دفاعی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرنا تھا۔ اسی تناظر میں دورے کے دوران متعدد پیشہ ورانہ اور سماجی سرگرمیاں منعقد کی گئیں؛ جس میں دوطرفہ ملاقاتیں، ترک بحری تنصیبات کے دورے، پیشہ ورانہ امور پر بات چیت اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ موضوعات پر گفتگو شامل تھی۔ اس موقع پر ترکش نیوی فلیٹ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ابراہیم اوزدین کوثر (Vice Admiral Ibrahim Ozden Kocer) نے پی این ایس یمامہ کا دورہ بھی کیا۔ معزز مہمان کو جہاز کی صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بندرگاہ کے دوروں کے علاوہ، پی این ایس یمامہ نے ترک بحریہ کی مشق ماوی وطن (MAVI VATAN-2025) میں حصہ لیا۔ پی این ایس یمامہ واحد غیر ملکی جہاز تھا جس نے ترکش بحریہ کے جہازوں کے علاوہ ماوی وطن میں شرکت کی۔ ماوی وطن میں اپی این ایس یمامہ کی شرکت پاک بحریہ اور ترک بحریہ کے مابین اس رشتے کی مظہر ہے جو سالوں پر محیط باہمی تعاون ، دوطرفہ احترام اور برادرانہ تعلقات پر مبنی ہے۔پی این ایس یمامہ ڈیمن شپ یارڈز، گلاتی، رومانیہ میں پاکستان نیوی کے لیے بنائے گئے چار جہازوں میں سے آخری جہاز ہے۔ یہ ہمہ جہت، ہائی ٹیک، اور جدید ترین پلیٹ فارم ہے جو مسابقاتی سمندری ماحول میں کام کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ جہاز جنگ کے تمام شعبوں میں بھرپور دفاع کی صلاحیت سے لیس ہے۔