کراچی (رپورٹ :فیاض آرائیں )کراچی یونین آف جرنلسٹس کاسالانہ اجلاس عام ” کراچی پریس کلب ” میں منعقد ہوا جس میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ماضی کی یاد تازہ کر دی ۔۔ خصوصا سینئر صحافیوں کی شرکت نے اجلاس عام کو چار چاند لگا دئیے،اجلاس میں جنرل سیکرٹری سردار لیاقت نے اراکین کے یوجے کے سامنے سالانہ رپورٹ پیش کی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے آٹھ ماہ کے دوران بے شمار مشکلات کاسامنا رہا کے یو جے کو دوبارہ فحال اور منعظم کرنے کی بھر پور کوشش کی آمرانہ سوچ اور غیر آئینی اقدام کے باعث یونین کو تنہا کر دیا گیا تھا،صدر کے یوجے طاہر حسن خان اور دیگر سینئرز کے مشورے اس سفر میں شامل حال رہے۔سردار لیاقت کا کہنا تھا کہ 30 اپریل 2023 کو طاہرحسن خان کی قیادت میں موجودہ باڈی تشکیل پائی اور ساڑھے آٹھ ماہ کے دوران اپنی ذمہ داریاں اپنی بساط کے مطابق انجام دی ۔ موجودہ مجلس عاملہ کے انتخاب کے دوسری دن ہی دو مئی 2024 کو آزادی صحافی کے حوالے سے کراچی پریس کلب میں بہت بڑا پروگرام کیا گیا جس میں انسانی حقوق اور مزدور رہنماؤں نے شرکت کی۔سکھر کے صحافی جان محمد مہر شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے بھرپور احتجاج کیا، 13 اگست 2024 کو شہید کی پہلی برسی کے موقع پر کراچی پریس کلب پر سیاہ پرچم لہرایاگیا۔ گھوٹکی کے شہید صحافی نصراللہ گڈانی کے لواحقین کو سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن کے ہاتھوں ایک کروڑ روپے کا چیک دلایا۔۔کراچی سمیت ملک بھر میں جہاں جہاں صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کے خلاف ریاستی دہشت گردی ہوئی کے یو جے نے آواز اٹھائی، حکومت کے میڈیا مخالف کالے قوانین کے تحت درج مقدمات کی بھی شدید مذمت کی۔ 2 اگست 2024 کو پی ایف یوجے کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر ” پلاٹینیم جوبلی ” کی سب سے بڑی اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، سینئر صحافی مظہر عباس کی سربراہی میں کے یوجے نے آزادی صحافت کے عنوان سے کراچی پریس کلب میں شاندار سیمینار کا انعقاد کیا۔عمران جونیئر کی سربراہی میں سوشل میڈیا کمیٹی نے اے آئی فیکٹ چیکنگ پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ کے یو جے کے صدر طاہر حسن خان کی خصوصی کاوشوں سے بے روزگار صحافیوں کو حکومت سندھ سے مالی معاونت کرائی گئی، جس سے سینکڑوں صحافیوں کا فائدہ ہوا ۔ کے یوجے نے صحافیوں کے علاج کے لئے سندھ حکومت سے مل کرسیسی میں رجسٹرڈ کرانے کا اہتمام کیا گیا ۔ بےنظیر مزدور کارڈ بنانے کے لئے معاملات آخری مراحل میں ہیں جس سے صحافی اب ورکر ویلفیئر بورڈ سے سہولتیں حاصل کرسکے گا۔اجلاس میں شرکا نے ہاتھ اٹھا کر سالانہ رپورٹ اور سالانہ مالی رپورٹ کی منظوری دی۔ اس موقع پر اجلاس میں شریک اراکین کے یوجے اور صحافیوں نے اپنی تجاویز اور مشورے بھی دیئے جب کہ حاضرین نے کے یو جے کی قیادت سے سوالات بھی کئے۔ کے یوجے کے صدر طاہر حسن خان، سندھ ایکشن کمیٹی کے کنوینر مظہر عباس ، پی ایف یوجے کے نائب صدر خورشید عباسی نے حاضرین کے سوالات کے جواب دیئے۔جنرل سیکرٹری سردار لیاقت نے اجلاس میں قراردادیں بھی پیش کیں۔۔جس میں بول، سنو، روزنامہ امن، اے پی پی اور دیگر میڈیا ہاؤسز سے برطرفیوں ،تنخواہوں میں کٹ اور تنخواہوں میں تاخیر کی شدید مذمت کی گئی۔ایک قرار داد میں سندھ سمیت ملک بھر میں دہشتگردی کے نتیجے میں شہید ھونے والے صحافیوں اور کالے قوانین کے تحت میڈیا ورکرز کے خلاف درج مقدمات کی شدید مذمت کی گئی ۔۔