اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ضلع کچھی، بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کاروائی کے دوران 27 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مجھ سمیت پوری قوم اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ملک دشمنوں کے خلاف جنگ میں شریک سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔