اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کیڈٹ کالج پٹارو کو جدید سہولیات، آلات اور ٹیکنالوجی کے ساتھ بین الاقوامی معیار کے مطابق مزید ترقی دینے کے لیے پانچ سالہ منصوبہ تیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو 21 ویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لیے تعلیم دینے کے جدید طریقے اپنانا ہوں گے۔ پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کراچی میں کیڈٹ کالج پٹارو کے سپیشل بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین بورڈ آف گورنرز وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی، ضیاء الدین یونیورسٹی کراچی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین، بورڈ کے اراکین، اعلیٰ سرکاری و فوجی افسران اور کالج انتظامیہ کے اراکین نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ مختلف شعبوں میں ملکی انسانی وسائل کی
ضروریات پورا کرنے کے لیے بچوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کالج کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید سہولیات، آلات اور ٹیکنالوجی سے مزین کرنے کے لیے پانچ سالہ منصوبہ تیار کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں بورڈ نے کالج کے تعلیمی پروگراموں، کامیابیوں، ترقیاتی منصوبوں اور ادارے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ صدر مملکت نے پاکستان کی تعلیمی، سماجی و اقتصادی ترقی میں کیڈٹ کالج کی کامیابیوں اور اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجھے کیڈٹ کالج پٹارو پر فخر ہے، کیڈٹ کالج پٹارو نے قومی زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ صدر مملکت نے ادارے کو مزید مضبوط اور بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلباء کی تعلیمی اور فکری نشوونما کے لیے کھیلوں اور بورڈنگ سمیت موجودہ سہولیات اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے حکومت سندھ کو کالج کو سہولیات کی فراہمی، اپ گریڈیشن، ضروری مالی معاونت کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کالج کے ذہین طلباء کو سکالرشپ کی فراہمی کیلئے چینی حکومت سے بات بھی کروں گا۔ صدر مملکت نے پاکستان کے تعلیمی منظر نامے کی تشکیل میں کالج کے کردار کو سراہتے ہوئے کیڈٹ کالج پٹارو کی مسلسل کامیابی کے لیے اپنے عزم اور حمایت کا اعادہ کیا۔